فضائی آلودگی میں لاہور دنیا بھر میں پہلے نمبر پر آگیا
لاہور: فضائی معیار پر نظر رکھنے والے عالمی ادارے آئی کیو ایئر کے مطابق جمعہ کے روز لاہور دنیا کا سب سے آلودہ ترین شہر قرار دیا گیا ہے، جہاں کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) خطرناک حد تک بڑھ کر 410 تک پہنچ گیا۔ اس فہرست میں بھارت کا دارالحکومت نئی دہلی 203 کے انڈیکس کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں فضا کے اندر موجود انتہائی باریک اور مضرِ صحت ذرات (پی ایم 2.5) کی مقدار عالمی ادارہ صحت کی سالانہ رہنما حد سے 45 گنا سے بھی زیادہ ریکارڈ کی گئی۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ باریک ذرات سانس کے ذریعے دورانِ خون اور دماغ تک پہنچ سکتے ہیں، جو طویل مدت میں شدید طبی پیچیدگیوں کا باعث بنتے ہیں۔
ماہرین اور متعلقہ پلیٹ فارم نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ کھلی فضا میں ورزش سے گریز کریں، گھروں کی کھڑکیاں بند رکھیں اور باہر نکلتے وقت ماسک کا لازمی استعمال کریں۔ پاکستان میں موسمِ سرما کے دوران صنعتی اخراج، گاڑیوں کے دھوئیں اور فصلوں کی باقیات جلائے جانے کی وجہ سے اسموگ سنگین مسئلہ بن جاتی ہے۔
قارئین کی رائے
فیس بک اور انسٹاگرام پر اس خبر پر کیے گئے تبصرے
تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…