یونان میں 15 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی عائد
ایتھنز: یونان کی پارلیمنٹ نے جمعہ کے روز ایک نیا قانون منظور کیا ہے جس کے تحت 15 سال سے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس اقدام کے ساتھ ہی یونان نوعمر بچوں پر آن لائن ایپس کے استعمال کی سخت پابندیاں عائد کرنے والے ممالک میں شامل ہو گیا ہے۔
وزیراعظم کیریاکوس مٹسوٹاکس کی کنزرویٹو پارٹی نے پارلیمنٹ میں طویل بحث کے بعد اپنی اکثریت کے بل بوتے پر یہ بل منظور کروایا۔ نئے قانون کا نفاذ یکم جنوری سے ہوگا، جس کے تحت سوشل میڈیا کمپنیوں کے لیے صارفین کی عمر کی تصدیق لازمی قرار دی گئی ہے اور خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔
پارلیمنٹ میں اپوزیشن کی سوشلسٹ جماعت ووٹنگ کے دوران غیر حاضر رہی جبکہ دیگر بائیں بازو اور قوم پرست جماعتوں نے اس کی مخالفت کی۔ وزیراعظم نے اس فیصلے کو بچوں کی حفاظت کے لیے مشکل مگر ناگزیر اقدام قرار دیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس آسٹریلیا نے 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کی پابندی عائد کی تھی، جبکہ اب تک دنیا کے 20 سے زائد ممالک اس نوعیت کے قوانین بنا چکے ہیں تاکہ بچوں کو اسکرین کی لت اور ذہنی اثرات سے بچایا جا سکے۔




قارئین کی رائے
فیس بک اور انسٹاگرام پر اس خبر پر کیے گئے تبصرے
تبصرے لوڈ ہو رہے ہیں…